یوٹیوب ایک نیا فیچر متعارف کرا رہا ہے جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے صارفین کی عمر کا تعین کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر 13 اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگا اور اس کا مقصد صارفین کو ان کی عمر کے مطابق محفوظ اور موزوں تجربہ فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کے ایک بلاگ پوسٹ کے مطابق ابتدائی طور پر یہ مشین لرننگ ٹیکنالوجی امریکا میں محدود صارفین پر آزمائی جائے گی۔
اس ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین کی سرچ ہسٹری، دیکھی جانے والی ویڈیوز کی کیٹیگریز اور اکاؤنٹ کی عمر جیسے عوامل کی بنیاد پر ان کی عمر کا تخمینہ لگایا جائے گا۔
اگر سسٹم کسی صارف کو کم عمر سمجھتا ہے تو اس پر خودکار طور پر عمر سے متعلق پابندیاں عائد ہوں گی۔
اگر اے آئی درست عمر کا تعین نہ کر سکے تو صارف حکومتی شناختی کارڈ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے اپنی عمر ثابت کر سکتا ہے کہ وہ 18 سال سے زائد عمر کا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس آزمائش کے نتائج کی بنیاد پر یہ فیچر بتدریج دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
یوٹیوب کے مطابق اس نئی ٹیکنالوجی سے صارفین کو ان کی عمر کے مطابق بہتر تحفظ اور تجربہ فراہم کیا جا سکے گا چاہے ان کے اکاؤنٹ میں درج تاریخ پیدائش کچھ بھی ہو۔
تاہم، یہ فیچر کم عمر صارفین کے لیے کچھ پابندیوں کا باعث بن سکتا ہے جو شاید انہیں پسند نہ آئے۔






















