وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی کابینہ کے غزہ پر غیر قانونی کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کی منظوری کی شدید مذمت کی،اور کہا کہ پاکستان فلسطین کی آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی کابینہ کے غزہ شہر کا غیرقانونی کنٹرول حاصل کرنے کے منصوبے کی منظوری کے فیصلے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ فلسطینی عوام کیخلاف پہلے سے جاری تباہ کن جنگ میں خطرناک اضافے کے مترادف ہے۔
فوجی کارروائیوں کی یہ توسیع پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید بگاڑ دے گی۔یہ فوجی کارروائیاں خطے میں امن کے کسی بھی امکان کو ختم کردے گی، ہمیں اس جاری المیے کی اصل وجوہات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطینی سر زمین پر اسرائیل کا جب تک قبضہ برقرار رہے گا، امن خواب ہی رہے گا، پاکستان فلسطین کی آزاد اور خود مختار ریاست کے قیام کیلئے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے،عالمی برادری اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کو فوری طور پر روکنے کیلئے مداخلت کرے۔
ترجمان دفترخارجہ کا بیان
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبےکی سخت مذمت کرتا ہے،اسرائیلی منصوبہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان کے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ اسرائیل منصوبہ غزہ پرفوجی چڑھائی کووسعت دینے کا ارادہ ہے،پاکستان ایک بار پھر عالمی برادری پر فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔
سینیٹرعرفان صدیقی کاسوشل میڈیاپرپیغام
سینیٹ میں مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ غزہ پر اسرائیلی قبضے کا اعلان ساری مہذب دنیا کیلئے چیلنج ہے، عالمی ضمیر نے شدید ردعمل نہ دکھایا تو ظلم، جبر اور اندھی طاقت کی حکمرانی کو جواز مل جائےگا۔
سینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے خطے میں کبھی امن قائم نہیں ہو سکے گا، اسرائیل کو سمجھانے کا وقت آگیا، اُس کے علاوہ دوسرے انسانوں کو بھی زندہ رہنے کا حق ہے، اسرائیلی اقدام پر خاموشی ظلم، ناانصافی اور انسانیت کُشی کی حوصلہ افزائی ہوگی۔






















