سندھ اسمبلی نے ارکان کی تنخواہوں اور الاؤنس میں اضافے کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
اسپیکراویس قادر شاہ کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے ناروے سے فٹبال کپ جیتنے والے بچوں کو انعام دینے کا اعلان کردیا۔ اسپیکر اویس قادر شاہ نے بتایا کہ 11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے حوالے سے پرانی سندھ اسمبلی بلڈنگ میں اجلاس ہوگا۔
سندھ اسمبلی نے ارکان کی تنخواہوں اور الاؤنس میں اضافے کے بل کی مرحلہ وار منظوری دی، ایوان نے ممبران کی تنخواہوں اور الاؤنس کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا، تمام ممبراز نے بل پر ڈیسک بجا کر حمایت کی۔
رکن سندھ اسمبلی نثار کھوڑو نے کہا کہ بل میں پبلک کمیٹی کا ذکر نہیں، کمیٹی کا مطلب کمیٹی ہوتا ہے چاہے وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیوں نہ ہو۔
اجلاس کے دوران گیس لائن کیلئے کھودی گئی سڑکوں کی مرمت سے متعلق تحریک استحقاق پیش کی گئی۔ پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ تحریک استحقاق کسی خاص موضوع پر ہی ہے، مسترد کی جائے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی رکن فرح سہیل نے سوال اٹھایا کہ محکمہ اوقاف کے زیرانتظام کتنے ریسٹ ہاؤس ہیں؟۔ پارلیمانی سیکریٹری اوقاف شازیہ سنگہار نے بتایا کہ محکمے کے پاس صرف ایک ریسٹ ہاؤس سیہون شریف میں ہے، ریسٹ ہاؤس کے کرائے سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع ہوتی ہے۔
ایم کیو ایم رکن نے مزید پوچھا کہ کس طرح مزارات کی درگاہوں سے کرایہ وصول کیا جاتا ہے؟۔ سیکریٹری اوقاف نے بتایا کہ درگاہ کی دکانیں 3 سال کرائے پر دی جاتی ہیں۔ فرح سہیل نے کہا کہ اگر درگاہ کے منیجر کو کوئی کرایہ ادا نہ کرے تو کیا کیا جاتا ہے؟، ایسے کتنے افراد کیخلاف کتنی ایف آئی آر کٹوائی گئیں۔
شازیہ سنگہار نے بتایا کہ درگاہ کے منیجر کو اختیار ہے کہ وہ کرایہ ادا نہ کرنے والے دکاندار کے خلاف ایف آئی آر کٹوا سکتا ہے، محکمہ اوقاف کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے ایوان کو بتایا کہ 13 اگست کو جشن آزادی اور معرکہ حق کا سب سے بڑا پروگرام ہوگا، وزیراعلیٰ خصوصی بچوں اور اقلیتوں کے ساتھ جشن آزادی منارہے ہیں، زندہ قومیں وہی ہوتی ہیں جو اپنے تہواروں کو شایان شان طریقے سے مناتی ہیں، ایوان کے ذریعے پورے پاکستان کے لوگوں کو تقریبات میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی ہے، پورے پاکستان میں جشن آزادی کی تقریبات چل رہی ہیں۔





















