یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے متعدد ممالک کے جنگجو بشمول پاکستانی اور چینی جنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔
ولادیمیر زیلنسکی کا اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہنا تھا کہ انھوں نے وووچانسک کے علاقے میں اگلے محاذوں کا دورہ کیا اور وہاں فوجیوں سے ملاقات کی۔
زیلنسکی کا کہنا تھا کہ اس دوران ان کی کمانڈرز سے اگلے محاذوں کی صورتحال اور وووچانسک کے دفاع کے بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ڈرونز کی سپلائی اور تعیناتی، بھرتی، اور بریگیڈز کے لیے براہ راست فنڈنگ کے مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔
زیلنسکی نے دعویٰ کیا کہ انھیں اس سیکٹر میں تعینات یوکرینی فوجیوں نے بتایا ہے کہ روس کی جانب سے پاکستان، چین، ازبکستان، تاجکستان اور متعدد افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے جنگجو اس لڑائی میں حصہ لے رہے ہیں۔ زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ہم اس کا جواب دیں گے۔






















