وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر امیگریشن نظام میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر غیر ملکی مسافروں کے لیے نئے امیگریشن کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ امیگریشن کلیئرنس کے عمل کو تیز اور آسان بنایا جا سکے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ترجمان کے مطابق ان اقدامات سے غیر ملکی مسافروں کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا جبکہ سرمایہ کاروں اور کاروباری وفود کو خصوصی سہولت میسر ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد پاکستان میں سیاحت، تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
مزید برآں، وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کے لیے بھی امیگریشن کا عمل مزید سہل ہوگا جس سے انہیں آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کے بین الاقوامی امیج کو بہتر بنانے اور معاشی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔






















