چینی باشندے کے گھر سے چوری ہونے والی رقم برآمد ہونے کے بعد خورد برد کا الزام ثابت ہونے پر ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
لاہور میں چینی باشندے کے گھر میں چوری کی واردات ہوئی، پولیس نے چوروں کو پکڑ کر مسروقہ رقم برآمد کرلی تاہم برآمدہ رقم میں خورد برد کی شکایت سامنے آئی جس کی انکوائری شروع کردی گئی۔
پولیس انکوائری میں خورد برد ثابت ہونے پر ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا، ایس ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے افسر و اہلکاروں کی معطلی کی رپورٹ درج کرادی۔
رپورٹ کے مطابق ایچ ایچ او علی حسن نے ماتحتوں کے ساتھ مل کر چینی شہری کی چوری شدہ رقم برآمدگی میں خوردبرد کی، چینی باشندے نے پولیس کی تفتیش اور برآمدگی سے متعلق شکایت کر رکھی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چوروں نے چینی باشندے کے گھر سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے چوری کئے تھے، پولیس اہلکاروں نے برآمد کی گئی رقم میں سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے واپس کئے، 60 لاکھ روپے کی رقم خورد برد کرلی گئی۔






















