ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ایشیا کپ 2025 کے وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام میچز متحدہ عرب امارات کے دو شہروں دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے جبکہ سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا پاک ، بھارت میچ 14 ستمبر 2025 کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
پاکستان اپنے گروپ اسٹیج کے تینوں میچز دبئی میں کھیلے گا جبکہ ٹورنامنٹ کے دیگر میچز دبئی اور ابوظہبی کے زیڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر 2025 تک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
لازمی پڑھیں۔ ایشیا کپ کا شیڈول جاری ، پاک بھارت میچ 14 ستمبر کو ہوگا
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ کی طرح شائقین کرکٹ کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے اور اگر دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے تک پہنچیں تو 21 ستمبر کو دوبارہ مدمقابل ہو سکتی ہیں۔
شیڈول کے مطابق ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو ہوگا جس کی میزبانی دبئی کرے گا۔





















