وفاقی فلڈ کمیشن نے بالائی علاقوں میں کل شام سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے کابل میں 22 اور 23 جنوری کے دوران پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سوات، چترال، بونیر، شانگلہ، دیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور مردان میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ صوابی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان اور ہری پور کے لیے بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
وفاقی فلڈ کمیشن نے پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا اور تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ اس کے علاوہ دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں میں فلڈ پروٹیکشن انفرا اسٹرکچر کی کڑی نگرانی کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔






















