ٹرمپ نے روس کے سابق صدر اور موجودہ ڈپٹی چیئرمین سیکیورٹی کونسل دمتری میدویدیف کے اشتعال انگیز بیانات کے ردعمل میں بڑا قدم اٹھا لیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اعلان کیا ہے کہ انہوں نے دو نیوکلئر آبدوزوں کو مخصوص علاقوں میں تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میدویدیف کے احمقانہ اور اشتعال انگیز بیانات محض الفاظ نہ ہوں، اس لیے یہ قدم احتیاطاً اٹھایا گیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ الفاظ بہت اہم ہوتے ہیں اور بعض اوقات غیر ارادی نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ موقع ان میں سے ایک نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے روس کو یوکرین جنگ میں فوری جنگ بندی کے لیے 10 دن کا الٹی میٹم دیا تھا ورنہ سخت اقتصادی پابندیوں کی دھمکی دی۔ اس سے قبل ٹرمپ نے 50 دن کی ڈیڈ لائن دی تھی، لیکن انہوں نے اسے کم کر کے 10 دن کر دیا۔
میدویدیف نے اسے الٹی میٹم کا کھیل قرار دیتے بیان دیا کہ یہ نہ صرف روس اور یوکرین کے درمیان بلکہ روس اور امریکہ کے درمیان جنگ کی طرف ایک قدم ہے۔ روس کے پاس آخری حربے کے طور پر"ڈیڈ ہینڈ" جوابی نیوکلئر صلاحیت موجود ہے۔






















