حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی تاہم انڈیا کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی اور اس میں ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔ اس ملاقات کے بعد حکومت پاکستان نے اعلان کیا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کھیلے گا لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔
اتوار کو حکومت پاکستان نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو انڈیا کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔
دوسری جانب بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کی وجوہات سامنے آ گئیں۔ حکومتی ذرائع نے بتایاکہ بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں، بنگلادیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی، پاکستانی ٹیم کو 15 فروری کو بطور احتجاج بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا کہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق بنگلادیش کی جانب سے سیکیورٹی تحفظات پر گزشتہ تین ہفتوں تک مشاورت جاری رہی، جس دوران اندرونی اور بیرونی ماہرین سے تفصیلی سیکیورٹی اسیسمنٹ بھی کروائی گئی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ جائزے کے بعد بھارت میں بنگلادیش ٹیم کو کوئی قابلِ تصدیق سیکیورٹی خطرہ ثابت نہیں ہوا۔ مقررہ وقت تک بنگلادیش کی جانب سے حتمی جواب موصول نہ ہونے پر گورننس اور کوالیفکیشن قوانین کے تحت متبادل ٹیم شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔



















