ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کے پاکستان کے فیصلے پر آئی سی سی کا ردعمل آگیا۔
پاکستان کے انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے بعد آئی سی سی نے عالمی کرکٹ کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ پی سی بی سے تمام اسٹیک ہولڈرز کیلئے قابل قبول حل نکالنے کا مطالبہ کردیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت کے مؤقف کا احترام کرتے ہیں مگر فیصلے سے دنیا بھر کے فینز متاثر ہوں گے، عالمی ایونٹ میں تمام ٹیموں کی برابر شرکت ضروری ہے۔
ترجمان آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا فیصلہ عالمی کرکٹ کی روح کو متاثر کر سکتا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے باضابطہ مؤقف کی منتظر ہے، ورلڈ کپ کی کامیابی کی ذمہ داری پی سی بی سمیت آئی سی سی کے تمام ممبران کی بھی ہونی چاہیے، امید کرتے ہیں پی سی بی تمام سٹیک ہولڈرز کے تحفظات کو مدنظر رکھ کر قابل قبول حل نکالے گا۔
واضح رہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی تاہم انڈیا کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی اور اس میں ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔ اس ملاقات کے بعد حکومت پاکستان نے اعلان کیا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کھیلے گا لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔



















