بینکنگ عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو چالان مکمل کرنے کے لیے 2 دن کی مہلت دیدی۔
بینکنگ عدالت میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، بینکنگ عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کیس پر سماعت کی، فارن فنڈنگ کیس میں اسپیشل پراسکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ آپ ابھی تک کیا کررہے ہیں؟چالان مکمل کیوں نہیں ہوا؟ جس پر پراسکیوٹر نے بتایا کہ کیس میں متعلقہ ملک سے رائے لینے کیلئے خط لکھ رکھے ہیں۔ جج نے ریمارکس دیے کہ معاملہ2022 سے چل رہا ہے،آپ نے ابھی تک دلچسپی ہی نہیں لی، تفتیشی کو شوکاز نوٹس اور ڈی جی ایف آئی اے کو اگلی تاریخ پرطلب کرتا ہوں۔
پراسکیوٹر واثق ملک نے استدعا کی کہ عدالت ایک ہفتے یا 10 دن کا وقت دے،ہم چالان مکمل کرلیتے ہیں، استدعا ہے ایک موقع دیا جائے،شوکاز نوٹس اور طلبی کا حکم ابھی نہ کریں۔ جج عبدالغفور کاکڑ نے کہا کہ میں اس معاملے کو دیکھ لیتا ہوں،آپ دو دن میں اپنی کارکردگی دکھائیں۔ عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی۔






















