امریکا اور جاپان میں سونامی کی وارننگ میں نرمی کردی گئی، ہوائی کے شہریوں کو گھر واپس جانے کی اجازت دیدی گئی جبکہ جاپان کے شہر فوکوشیما میں سونامی وارننگ کو ایڈوائزری میں تبدیل کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس میں 8.8 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی وارننگ جاری کی گئی، کئی علاقوں میں 5 سے 10 فٹ بلند لہریں ٹکرا گئیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست ہوائی اور جاپان کے کچھ علاقوں میں سونامی وارننگ میں نرمی کردی گئی، ہوائی کے شہریوں کو حکام نے گھروں کو واپسی کی اجازت دے دی۔
رپورٹ کے مطابق جاپانی حکام نے فوکوشیما میں سونامی وارننگ کو ایڈوائزری میں تبدیل کردیا، تاہم جاپان کے شمالی علاقوں میں سونامی کی وارننگ برقرار ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین نے بھی سونامی کی وارننگ واپس لے لی، شنگھائی سمیت کئی شہروں کیلئے سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ روس میں زلزلے کے بعد ہوائی میں سونامی کی لہروں کی بلندی 5.7 فٹ تک ریکارڈ کی گئی، سمندر کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوا اور سڑکیں اور گلیاں پانی سے بھر گئیں۔
حکام نے ہوائی کے کاہولوی ایئرپورٹ کی تمام پروازیں منسوخ کردی تھیں۔






















