سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ اعظم خان کے انتقال کے بعد تمام اختیارات گورنر کے پاس چلے گئے۔ صوبائی اسمبلی موجود نہیں تو نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ سینیٹ کرے گا۔
سماء سے خصوصی گفتگو میں کنور دلشاد نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کےلیے تین حکومتی اور تین اپوزیشن ارکان پر مشتمل چھ رکنی کمیٹی بنے گی۔ کسی نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائےگا۔ ای سی پی معاملے پر 48 گھنٹوں میں فیصلہ کرے گا۔
سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل224 کے مطابق ایک ہفتہ میں فیصلہ کرنا ہوگا، ایک ہفتہ گورنر ہی صوبہ چلائیں گے۔
یاد رہے کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان آج صبح نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔ اعظم خان کو گزشتہ رات نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔