اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے یمن سے اسرائیل کی جانب داغا گیا ایک میزائل مار گرایا، جس کے نتیجے میں اسرائیل کے مختلف علاقوں میں سائرن بجنے لگے۔
اسرائیلی فوج کے عربی زبان میں ترجمان اویخائے ادرعی نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر پیغام میں لکھا کہ ’’یمن سے داغا گیا ایک میزائل مار گرایا گیا جس کی وجہ سے ملک کے کئی علاقوں میں سائرن بج اٹھے‘‘۔
عینی شاہدین کے مطابق بیت المقدس میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اس حوالے سے اسرائیلی چینل ’’12‘‘ نے بتایا ہے کہ یمنی میزائل کو روکنے کیلئے دو دفاعی میزائل داغے گئے، جن میں سے ایک اسرائیلی ’’حیتس‘‘ نظام سے جبکہ دوسرا امریکی ’’تھاڈ‘‘ نظام سے چھوڑا گیا۔
یمنی حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے ’’بن گوریون ایئرپورٹ‘‘ کو ایک ’’ہائپر سونک‘‘ میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔
یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا، جو شمالی یمن پر قابض ہے، اسرائیل پر میزائل داغتی رہی ہے اور سمندری راستوں پر اسرائیلی جانیوالے جہازوں پر حملے بھی کرتی ہے۔
حوثیوں کی جانب سے اسرائیل پر حملوں میں درجنوں میزائل اور ڈرون بھی استعمال کیے گئے، اس کے جواب میں اسرائیل نے یمن میں حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر متعدد فضائی حملے کیے۔





















