ممبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم سے بھارتی کرکٹرز کی 261 جرسیاں چوری کرلی گئیں جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جارہی ہے، سیکیورٹی منیجر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے وانکھیڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے آفیشل مرچنڈائز اسٹور پر چوری کی واردات ہوئی، جہاں سے چور انڈین پریمیئر لیگ کے کرکٹرز کی 261 جرسیاں لے اڑا۔
ممبئی پولیس نے تقریباً ساڑھے 6 لاکھ روپے مالیت کی 261 جرسیاں چوری کرنے پر سیکیورٹی منیجر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، پولیس نے بتایا کہ ملزم میرا روڈ ایسٹ کا رہائشی ہے جو مبینہ طور پر 13 جون کو بغیر اجازت اسٹور میں داخل ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق چوری کا انکشاف حالیہ آڈٹ کے دوران ہوا، جس میں اسٹاک غائب ہونے کا پتہ چلا، اس کے بعد بی سی سی آئی حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا، ویڈیو میں سیکیورٹی منیجر کو گتے کا ڈبہ اٹھا کرلے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
سی سی ٹی وی کی روشنی میں بی سی سی آئی کے ملازم ہیمانگ بھرت کمار نے 17 جولائی کو ممبئی پولیس کو جرسیاں چوری ہونے کی شکایت درج کروائی۔
ہیمانگ بھرت کمار نے الزام لگایا کہ سیکیورٹی منیجر نے متعدد آئی پی ایل فرنچائزز کی جرسیاں چرالیں، ان میں ممبئی انڈینز، چنئی سپر کنگز، دہلی کیپٹلز، رائل چیلنجرز بنگلورو اور دیگر ٹیموں کی جرسیاں شامل ہیں۔
بھارتی پولیس نے دفعہ 306 کے تحت ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی تفتیش کا آغاز کردیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ چوری شدہ جرسیوں کا سراغ لگانے اور واقعے کی ترتیب کا تعین کرنے کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر مواد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔





















