وزارت خزانہ نے رواں مالی سال معاشی بحالی کا عمل جاری رہنے کی نوید سنا دی تاہم حالیہ شدید بارشوں، سیلاب سے زرعی پیداوار اور سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی ترسیلات زر 38 ارب جبکہ برآمدات 32 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ اس سال بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کا امکان ہے البتہ پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے زرعی شعبے کی پیداوار اور سپلائی لائن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی معاشی بحالی کا عمل جاری رہے گا۔ گزشتہ مالی سال مہنگائی کی اوسط شرح سات اعشاریہ تین نو فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ جولائی 2025 میں مہنگائی تین اعشاریہ پانچ سے چار اعشاریہ پانچ فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ مالی سال ترسیلات زر میں 26.6 فیصد اضافے کے ساتھ 38 ارب 29 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ ملکی برآمدات چار اعشاریہ دو فیصد اضافے کے ساتھ 32 ارب 29 کروڑ ڈالر رہیں۔ گزشتہ مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ دو اعشاریہ 10 ارب ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔ پرائمری سرپلس بھی 11 ماہ میں تین ہزار 594 ارب روپے سے زیادہ رہا۔






















