قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے بھارتی شائقین کرکٹ سے متعلق دلچسپ لیکن حیران کن انکشاف کر دیا ہے ۔
مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان کا کہناتھا کہ ہم اگر بھارتی ٹیم کے خلاف میچ نہ کھیل رہے ہوں تو سٹیڈیم میں موجود بھارتی شائقین کرکٹ پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں ۔فخر زمان کا کہناتھا کہ بھارت کی پچز زبردست ہیں، یہاں کرکٹ کھیل کر بڑا مزہ آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف میچ جیتے تو ہمارے اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس برابر ہوں گے، صرف رن اوسط پر باہر ہونے کا افسوس رہے گا، امید پر دنیا قائم ہے، ابھی سیمی فائنل سے باہر نہیں ہوئے، اس اسٹیج پر میچ جیتنا ہی بڑی بات ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف محمد رضوان، عبداللّٰہ شفیق، بابراعظم یا افتخار کا دن ہوسکتا ہے، بھارت میں وکٹیں سپورٹنگ ہوتی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کل انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گا جس کیلئے پاکستان کو بھاری مارجن سے جیتنا ہو گا ورنہ ورلڈکپ سے باہر اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل کھیلے گا ، کل ہونے والے میچ میں سب سے زیادہ بھاری ذمہ داری فخر زمان پر عائد ہو گی جبکہ کپتان بابراعظم نے بھی اپنی امیدیں فخر زمان سے وابستہ کر لی ہیں۔