پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے موبائل فون پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز ایف بی آر وصول کرتی ہے، اس کا پی ٹی اے سے کوئی تعلق نہیں۔
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک میں تقریباً 19 کروڑ 80 لاکھ موبائل صارفین ہیں، 15 کروڑ سے زائد افراد براڈ بینڈ انٹرنیٹ استعمال کررہے ہیں۔
پی ٹی اے نے مزید بتایا ہے کہ موبائل فونز پر تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز ایف بی آر وصول کرتی ہے، پی ٹی اے کا اس مالیاتی عمل سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل رجسٹریشن کی ادائیگی براہ راست ایف بی آر کے اکاؤنٹ میں جمع ہوتی ہے، پورے عمل میں پی ٹی اے کا کردار تکنیکی معاونت اور رہنمائی تک محدود ہے۔
ترجمان پی ٹی اے نے مزید بتایا ہے کہ پی ٹی اے ملکی موبائل مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو بھی فروغ دے رہا ہے، 2024ء میں 3.3 کروڑ موبائل فون پاکستان میں تیار کیے گئے، 2025ء کے ابتدائی 5 ماہ میں مزید 12.81 ملین فونز مقامی طور پر بنائے گئے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ملک میں موبائل فون مینو فیکچرنگ سے درآمدی انحصار کم ہونے اور خود کفالت کی راہ ہموار ہوئی ہے۔



















