اورکزئی میں سرکاری احکامات ماننے سے انکار کرنیوالے درجنوں پولیس افسران و اہلکاروں کو سخت سزائیں دے دی گئیں، 6 سب انسپکٹرز اور 42 کانسٹیبلز کو معطل کردیا گیا جبکہ متعدد اہلکاروں کے شولڈر پروموشن ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں دہشت گردی کیخلاف جنگ کے دوران سرکاری احکامات نہ ماننے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
ڈی پی او شوکت علی کا کہنا ہے کہ اوکزئی پولیس کے 6 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور 42 کانسٹیبلز کو معطل کردیا گیا، معطل اہلکاروں نے سرکاری احکامات ماننے سے انکار کیا تھا، پولیس اہلکاروں کو مختلف چیک پوسٹوں پر تعیناتی کے احکامات دیے تھے۔
شوکت علی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے احکامات کی تعمیل نہیں کی، کچھ دیگر اسٹیٹس کے افسران کے خلاف کارروائی بھی ہوسکتی ہے، کچھ کی شولڈر پروموشن کو ختم کیا جائے گا۔
ڈی پی او شوکت علی کا کہنا ہے کہ اورکزئی پولیس کے نظم میں خلل برداشت نہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں چند روز قبل خوارج کے حملے میں اورکزئی اسکاؤٹس کے 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔





















