پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ تین سال سے کپتانی کر رہا ہوں ، مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے، ابھی کپتانی کے مستقبل کے حوالے سے نہیں سوچا، اگلے میچ پر توجہ دے رہے ہیں جب پاکستان واپس جاٸیں گے تو کپتانی کا سوچیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکا جس کا میں اعتراف کرتا ہوں، مجھے کہا جاتا ہے میں آہستہ کھیلا لیکن میں صورتحال کے مطابق کھیلتا ہوں۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت میں پہلی بار آٸے تھے اور کنڈیشنز کا علم نہیں تھا اس لئے کوشش کی کہ جلد کنڈیشنز سے سیکھیں اور اپلاٸی کریں ، میرا گول تھا کہ میں اپنی بیٹنگ سے پاکستان کو میچ جتواؤں، انفرادی کارکردگی کا نہیں سوچتا ٹیم کے لیے کھیلتا ہوں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ تین سال سے پاکستان کا کپتان ہوں، میں نے کبھی کپتانی کا دباؤ محسوس نہیں کیا، مجھ پر کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں ہے، لوگ میری کپتانی کے بارے میں بات کر رہے ہیں لیکن میں نے ورلڈ کپ میں اوسط سے کم کارکردگی نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 3 سال سے میں ہی پرفارم کر رہا تھا اور میں ہی کپتان تھا، جو لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر مشورے دے رہے ہیں وہ مجھے میسج کرسکتے تھے، ٹی وی پر بیٹھ کر مشورے دینا آسان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کا میچ ہمیں جیتنا چاہیے تھا لیکن جیت نہ سکے جبھی یہاں کھڑے ہیں ، ورلڈکپ میں غلطی کی گنجاٸش بالکل نہیں ہوتی، ہمارے دماغ میں کل کے حوالے سے پلان ہے اور اس کے مطابق کھیلیں گے ایسا نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے انگلینڈ کے خلاف نیٹ رن ریٹ کے حوالے سے منصوبہ بندی کی ہے، تاہم ہم اندھا دھند نہیں کھیل سکتے، ہم ہٹ کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمارے پاس پاور پلے کھیلنے اور پارٹنرشپ بنانے کا منصوبہ ہے، فخر زمان کے کریز پر ٹھہرنے سے اپنا ہدف حاصل کرسکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف بولنگ یا بیٹنگ کو قصور وار نہیں کہہ سکتے، ہم نے بطور ٹیم پلان کے مطابق نہیں کھیلا، ہم اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کریں گے ، ابھی ایک میچ باقی ہے، کوشش کریں گے ایونٹ جیت کے ساتھ ختم کریں۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک ہندوستانی صحافی نے پوچھا کہ پاکستان 1999 کے بعد سے ورلڈ کپ میں کیوں ناکام ہو رہا ہے؟ جس پر بابر اعظم نے جواب دیا کہ یہ غلط بات ہے کہ پاکستان بڑے ایونٹس میں ناکام رہا ہے، ہم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیتے ہیں، پاکستان اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے لیکن ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔