مالاکنڈ درگئی کے علاقے مہردے میں سیکیورٹی فورسز کا فتنہ الخوارج کیخلاف تین روز سے جاری آپریشن مکمل ہوگیا۔ ڈپٹی کمشنر حامدالرحمن کے مطابق آپریشن کے دوران 9 خارجی مارے گئے اور 9 کو گرفتار کرلیا گیا، دہشت گرد گروہ میں غیرملکی بھی شامل ہیں۔
مالاکنڈ میں درگئی کے علاقے مہردے میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کیخلاف آپریشن کیا، جس میں 9 خارجی مارے گئے، 9 کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر حامد الرحمان کے مطابق تین روز تک جاری رہنے والے آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا، آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا، آپریشن مکمل کرکے علاقے کو کلیئر کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں سیکیورٹی بدستور سخت رہے گی، آپریشن میں پاک فوج، سی ٹی ڈی، ایف سی، الیٹ فورس اور لیویز نے حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ہلاک و گرفتار فتنہ الخوارج کے دہشت گرد گروہ میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔



















