ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت کی، عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
عدالت نے علی امین گنڈا پور کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی ساتھ ہی کیس کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کردی۔
اس سے قبل کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدالت علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کرسکتی، علی امین گنڈا پور 23 ستمبر تک ہر طرح کے کیسز پر ضمانت پر ہیں۔
وکیل صفائی نے کہا کہ گزارش ہے کہ ستمبر کی کوئی تاریخ دے دیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ تاریخ کے حوالے سے آرڈر کا انتظار کریں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں شراب اور اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ درج ہے۔






















