سرگودھا میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر جہلم کے کنارے آباد درجنوں دیہات کو خالی کرا لیا گیا جبکہ ضلع انتظامیہ الرٹ ہے اور ریسکیو ٹیموں کے 200 سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر معمور کر دیئے گئے ہیں، مختلف علاقوں میں فلاڈ ریلیف کیمپ بھی لگا دیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق دریائے جہلم میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان اور آر پی او شہزاد آصف خان نے ممکنہ متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈویژنل سربراہان نے ریلیف کیمپس، ریسکیو پوائنٹس اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ وہ دریائے جہلم کی صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اضلاع کی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف و ریسکیو اقدامات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
جہلم کی صورتحال
جہلم میں ریسکیو آپریشن دوسری روز بھی جاری ہے اور ریسکیو کے دوران ڈوبنے والے پولیس اہلکار کی لاش کو بھی نکال لیا گیاہے ، پولیس کا کہناہے کہ پولیس اہلکار حیدر گزشتہ روز شہریوں کو بچاتے ہوئے سیلابی پانی میں بہہ گیا تھا۔ ریسکیو ادارے کا کہناہے کہ سیلابی پانی میں پھنسے مزید 30افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا، گزشتہ روزفلیش فلڈنگ کے باعث پھنسے ہوئے 498افراد کو ریسکیو کر چکے ہیں۔
جہلم میں پانچ مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں ، کیمپ انچارج نے بتایا کہ 200 سے زائد متاثرین کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔
ملتان
ملتان دریائے چناب میں طغیانی، بستی نذر والا، کھیڑا، لک اور وسندے والا کودریائی پانی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعدد بستیاں خالی کروا لی گئی ہیں۔ارلی وارننگ سسٹم ایکٹیویٹ کردیا ہے،تمام علاقوں سےایوکیٹ کرلیا ہے اور مزید بھی کیا جا رہا ہےاس وقت بھی ٹیمیں گراونڈ میں موجود ہیں وہاں سے جو فلڈ ایریاز ہیں رہائش پزیر ہیں انکو وہاں سے نکال رہے ہیں ۔
خوشاب
ڈپٹی کمشنر فروا عامر نے کہا ہے کہ دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے ، ضلعی حکومت نے 10 ریلیف کیمپ قائم کر دیے، سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، تمام اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے، قریبی آبادیوں کی مساجد میں اعلانات بھی کرائے ہیں۔
سرگودھا
سرگودھا کے کمشنر جہانزیب اعوان اور آر پی او شہزاد آصف خان نے ممکنہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ، انتظامات کا تفصیلی جائزہ، ریلیف کیمپس اور ریسکیو پوائنٹس چیک کیے ۔
بھیرہ
بھیرہ میں دریائے جہلم کے کنارے آباد متعدد دیہات میں سیلابی خطرے کا الرٹ جاری کر دیا گیاہے ، دیہات میں آباد لوگوں کو محفوظ مقام پر نقل مکانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔






















