امریکی صدر جو بائیڈن پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن کے سنگین الزامات لگ گئے۔ ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی نے مواخذے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر پر اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کے معاملے پر رپبلکنز کے بعد جوبائیڈن کی اپنی پارٹی بھی ان کے خلاف ہوگئی، ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی نے مواخذے کے لیے تحقیقات کا اعلان کردیا۔
اسپیکر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر کے طرز عمل سے متعلق انتہائی سنگین الزامات ہیں، تحقیقات میں کرپشن کے پہلو کو بھی مد نظر رکھا جائے گا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اسپیکر کے اقدامات کی شدید مذمت کی ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ریپبلکنز جنوری سے تحقیقات کر رہے ہیں کوئی ثبوت نہیں ملے، تحقیقات کا حکم سیاسی داؤپیچ کی بدترین شکل ہے۔
یاد رہے کہ صدر بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف ٹیکس چوری کے الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ ریپبلکنز بیٹے کے مشکوک کاروباری معاملات کے لیے صدر بائیڈن کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔