الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا (کے پی) اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کی درخواست منظور کرتے ہوئے آزاد رکن طارق اعوان کی ن لیگ میں بروقت شمولیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ طارق اعوان کی ن لیگ میں شمولیت مقررہ تین دن کے اندر ہوئی جس کی وجہ سے ن لیگ سات جنرل سیٹوں کے مطابق مخصوص نشستوں کی تقسیم کے لیے اہل ہے۔
اس فیصلے کے تحت ن لیگ اور جمیعت علماء اسلام (ف) کو سات، سات جنرل سیٹوں پر مخصوص نشستیں دی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی دوبارہ تقسیم کا حکم دیا ہے۔
ن لیگ نے جے یو آئی (ف) کو دس مخصوص نشستوں کی تقسیم پر اعتراض اٹھایا تھا جسے الیکشن کمیشن نے تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ مخصوص نشستوں کی تقسیم جنرل سیٹوں کے تناسب سے ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی-پی) کی دو جنرل نشستوں پر ایک اضافی مخصوص نشست دینے کی درخواست مسترد کر دی۔
اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی درخواست بھی مسترد کی گئی۔
فیصلے میں واضح کیا گیا کہ ضمنی انتخابات میں حاصل کی گئی نشستیں مخصوص نشستوں کے کوٹے کے لیے شمار نہیں کی جائیں گی۔






















