حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کو کوئٹہ میں نظر بند کردیا گیا۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کو کوئٹہ میں جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر میں نظر کردیا گیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ مولانا ہدایت الرحمان کی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہیں، مظلوں کی آواز طاقت سے دبائی نہیں جاسکتی ہے، جماعت اسلامی مظلوموں اور چمن میں دھرنے کے شرکاء کے ساتھ ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مقتدر قوتوں کے ہتھکنڈے عوامی جمہوری جدوجہد اور حقوق کے حصول سے نہیں روک سکتے۔
واضح رہے کہ ترجمان کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ مولانا ہدایت الرحمان کو کس وجہ سے نظر بند کیا گیا۔
حق دو تحریک کے مرکزی چیئرمین واجہ حسین واڈیلہ نے بھی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظلوموں کی آواز کو طاقت سے دبانے کی پالیسی زیادہ دیر تک نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں مولانا ہدایت الرحمان کی نظربندی اور چمن جانے سے روکنا مظلوموں کی آواز دبانے کے مترادف ہے جو ناقابل قبول ہے۔
واجہ حسین واڈیل کا مزید کہنا تھا کہ اگر نظربندی فوری طور پر ختم نہیں کی گئی تو مکران سمیت بلوچستان بھر میں احتجاج کریں گے۔