اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں قاتل کے زیر استعمال گاڑی کی سپرداری کی درخواست خارج کردی۔ گاڑی مالک کے وکیل کا کہنا ہے کہ درخواست گزار مقدمہ میں نامزد ہے اور نہ ہی مطلوب۔ پولیس نے مؤقف اپنا کہ گاڑی واردات سے پہلے اور بعد میں بھی ملزم نے استعمال کی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں قاتل کے زیر استعمال گاڑی کی سپرداری کی درخواست پر سماعت کی، عدالت میں سپرداری کی درخواست گاڑی کے مالک نے دائر کی تھی۔
مقامی عدالت نے قاتل کے زیر استعمال گاڑی کی سپرداری کی درخواست دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد خارج کردی۔ گاڑی مالک کے وکیل کا کہنا تھا کہ درخواست گزار اور گاڑی کا واردات سے کوئی تعلق نہیں، درخواست گزار مقدمہ میں نامزد ہے اور نہ ہی مطلوب۔
پولیس کی جانب سے گاڑی کی سپرداری کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔ پولیس کا مؤقف تھا کہ گاڑی ملزم نے واردات سے پہلے اور بعد میں بھی استعمال کی، پولیس نے متعلقہ گاڑی ملزم کی نشاندہی پر قبضے میں لی تھی۔
پولیس نے کہا کہ رینٹ کا معاہدہ اور سی سی ٹی وی فوٹیجز پولیس کو نہیں دی گئیں، درخواست گزار اور گاڑی کے ڈرائیور سے گواہیاں مطلوب ہیں۔
واضح رہے کہ 17 سالہ ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ثناء یوسف کو 2 جون کو گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔





















