وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہمارا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ہے، ہم صرف امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جارہے ہیں، ہمارا مقصد انتشار نہیں، بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پنجاب میں معطل اراکین کی حمایت میں قافلے کے ساتھ روانگی سے قبل اہم بیان جاری کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ہے، یہ قافلہ غیرقانونی، غیرآئینی، غیرجمہوری اور غیراخلاقی اقدامات کیخلاف پُرامن ردعمل ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم صرف امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جارہے ہیں، جو سمجھتے ہیں کہ یہ کوئی احتجاج ہے، وہ جان لیں یہ محض اظہارِ یکجہتی ہے، ہمارا مقصد انتشار نہیں، بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ ہر قدم پُرامن کی بات کی ہے اور ہر لفظ میں آئین کی پاسداری کا واضح پیغام ہے، عوام دیکھ لیں یہ قافلہ نفرت نہیں، صرف محبت لے کر نکل رہا ہے، جمہوریت کے علمبردار اپنے بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے نکلے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم صرف یہ بتانے جارہے ہیں کہ جمہوری نمائندوں کے ساتھ کھڑے ہیں، قافلے کا ہر قدم آئین کی سر بلندی اور عوام کے حقِ نمائندگی کا استعارہ ہے۔





















