وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے کہ محرم الحرام میں پنجاب میں احترام بہت بڑی کامیابی ہے، ستھرا پنجاب کے ورکرز نے جلوسوں کے راستے صاف کیے، جلوسوں کے راستے صاف کرنے والوں کو مبارکباد دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 550ارب کا منصوبہ 114 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، یہ منصوبہ ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج تھا، یوٹیلٹیز کو منتقل کرنا کوئی چھوٹی بات نہیں تھی، روات سے موٹروے چوک تک سگنل فری کوریڈور بنا رہے ہیں، تقریباً دولاکھ گاڑیاں روز اس راستے سے گزرتی ہیں، منصوبے سے لوگوں کو بہت آسانی ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ یہ منصوبہ راولپنڈی کے شہریوں کیلئے گیم چینجر منصوبہ ہو گا، نواز شریف فلائی اوور اڈیالہ روڈ تقریباً ایک کلومیٹر کا منصوبہ ہے، پنڈی سے چکری تک تقریباً ایک گھنٹہ عوام کا بچے گا، اس سے بھی 80ہزارگاڑیاں گزرتی ہیں، پنڈی رنگ روڈ پر بھی تیزی سے کام ہورہاہے، ایسٹرن روڈ کی پلاننگ شروع ہوگئی ہے،اسے بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے، راولپنڈی ڈویژن کے اسکولوں کی بھی تزئین و آرائش کررہے ہیں، راولپنڈی کی بیوٹیفکیشن کو بھی ذاتی طور پر مانیٹر کررہی ہوں۔
مریم نواز کا کہناتھا کہ پنجاب ختم ہونے پر دوسرے صوبے کے آغاز پر واضح فرق نظرآتا ہے، صفائی،انفرااسٹرکچر میں واضح فرق نظر آتا ہے، ایسا لگتا ہے پنجاب میں ایک حکومت ہے جو ہر چیز دیکھ رہی ہے، پنجاب حکومت عوام کی خدمت کر رہی ہے، مری میں پانی کا دیرنہ مسئلہ بھی حل کر رہے ہیں، پنجاب میں جہاں بھی پانی کی کمی ہے وہاں 50ارب سے پانی کی کمی ختم کریں گے، میلوں لمبی پائپ لائنیں بچھارہے ہیں، جنوبی پنجاب کو پینے کا پانی مہیا کریں گے، پوٹھوہارریجن میں بھی رواں سال پانی کی کمی ختم کریں گے۔
ان کا کہناتھا کہ چھوٹے چھوٹے ڈیمز بھی بنانے جا رہے ہیں تاکہ کسانوں کو پانی میسر ہوں، پورے نالہ لئی کی تزئین و آرائش کا کام شروع کریں گے، یہ سن کر حیرانی ہوئی کہ واسا صرف چار پانچ شہروں میں کام کرتا ہے، پنجاب کے ہر شہر تک واسا کو پھیلا رہے ہیں، ہر شہر میں واسا کی مشینری ہو گی، ٹوٹی ہوئی گلیوں اور سڑکوں کا مسئلہ بھی حل کریں گے،
اس سال کےآخر میں بہت بہتر پنجاب نظر آئے گا۔






















