پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ماڈرن اور اٹیکنگ کرکٹ کھیلنی چاہیے۔
سماء کے پروگرام ’ زور کا جوڑ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بیٹر رہنا ہم سب کے لئے فخر کی بات تھی۔
سابق بیٹگ کوچ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا تین سال تک نمبر ون بیٹر رہنا پاکستان کے لئے بھی بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ آج بھارت کی ٹیم اتنا اوپر کیوں گئی ہے کیونکہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو اوپر دیکھا چاہتی تھی اور اس کی وجہ یہ ہے کہ جب ان کے کھلاڑی اوپر ہوں گے تو بھارت کا نام اوپر آئے گا۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا نام جب لیا جاتا ہے تو پہلے اس کے ملک یعنی پاکستان کی بات ہوتی ہے اس لئے جب کوئی اوپر جا رہا ہو تو ہمیں اس سے خوش ہونا چاہیے اس پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
بابر اعظم کی رینکنگ میں تنزلی سے متعلق سوال کے جواب میں محمد یوسف کا کہنا تھا کہ کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ آپ فارم میں نہیں ہوتے، آپ بد قسمت رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے آسٹریلوی آلراؤنڈر میکسویل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے خلاف میچ میں میکسویل اگر ڈر ڈر کے کھیلتا تو میرا نہیں خیال کہ وہ میچ جیت سکتے تھے، آسٹریلوی آلراؤنڈر کو میچ کے دوران دو چانس ملے لیکن وہ ڈرے نہیں اور انہوں نے اپنے کھیلنے کے انداز کو جاری رکھا جس کے باعث انہوں نے ایک بڑی میچ وننگ اننگ کھیلی۔
محمد یوسف نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی کھلاڑی جب تک اٹیکنگ کرکٹ نہیں کھیلے گا یعنی جیسی کرکٹ آج کل ہو رہی ہے اسے اوپر آنے میں مشکل پیش آئے گی، میرا خیال ہے ہمارے کھلاڑیوں کو میکسویل جیسی اننگ کھیلنی چاہیے جس سے ان کا اثر پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاید میں غلط ہوں لیکن مجھے لگ رہا ہے کہ دوسری ٹیمیں ایسے ہی کھیل رہی ہیں، تیز کھیلنے کی کوشش کرتی ہیں اور اپنا سٹرائیک ریٹ بلند رکھتی ہیں۔