انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی، جس میں انگلینڈ کے جو روٹ بیٹنگ رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں جبکہ ان کے ہم وطن ہیری بروک کا دوسرا نمبر بھی برقرار ہے۔
بھارتی وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے بھی تین درجہ ترقی کے بعد ٹاپ 10 میں جگہ بناتے ہوئے 10ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستانی بیٹر سعود شکیل ایک درجہ تنزلی کے بعد 11 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ محمد رضوان تین درجے تنزلی کے بعد 19ویں نمبر پر موجود ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ بدستور پہلے نمبر پر فائز ہیں۔ پاکستان کے تجربہ کار اسپنر نعمان علی ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔





















