وزیراعظم نے ٹیکس محصولات میں گزشتہ 10 سالوں کی نسبت 42 فیصد اضافے پر ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے آئندہ مالی سال میں بھی اسی مستعدی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ادارہ جاتی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا، وزیراعظم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو صنعتوں کی پیداواری اور ترسیلی سطح پر مکمل طور پر نافذ کرنےاور پوائنٹ آف سیل سسٹم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی اہداف کو حاصل کرنے کیلئے تمام ادارے مکمل جانفشانی سے کام کریں اور ایف بی آر سے تعاون کریں، روشن معاشی مستقبل کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کاروباری برادری اور ٹیکس دہندگان کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ایف بی آر کو عوام سے عزت سے پیش آنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری پر اجلاس کے شرکاء کو مبارکباد دی۔





















