بلوچستان کے ضلع خضدار میں محکمہ انسداد دہشتگردی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ ، گولہ باردو اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے ۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق خضدار کے علاقے کانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا ہے،خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے کمانڈر نے اپنے کارندوں کو خضدار میں تخریب کاری کا کام سونپا ہے۔ اس تناظر میں سی ٹی ڈی خضدار نے کانک کے علاقے میں عارضی ناکہ لگایا اور مشتبہ افراد کی تلاشی شروع کی ۔
اس دوران تین نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی ۔تاہم فورسز کی جوابی فائرنگ میں تینوں حملہ آور مارے گئے ۔ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے ،جس میں 2 کلاشنکوف ، ایک پستول ، 3 دستی بم اور آئی ای ڈی شامل ہے ۔
ترجمان کے مطابق واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ خضدار میں درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے ۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی منصوبہ بندی کی جاری ہے ۔