امریکا میں ٹک ٹاک چیلنج پورا کرنے کی کوشش کے دوران 14 برس کا لڑکا ہلاک ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست میساچوسٹس سے تعلق رکھنے والے ہیرس وولوبا نامی لڑکا ٹک ٹاک کا ’وَن چِپ چیلنج‘ پورا کرتے ہوئے زندگی کی باز ہار گیا۔
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ان دنوں وَن چِپ چیلنج ٹرینڈ کررہا ہے، اس چیلنج کو قبول کرنے والے کیلئے انتہائی تیز مصالحے دار ٹورٹیلا چپس کھانی ہوتی ہے، جبکہ اس میں پانی پینے کی اجازت نہیں ہوتی۔
متوفی ہیرس وولوبا کی والدہ نے ’این بی سی 10‘ کو بتایا کہ اُن کے بیٹے نے اسکول میں انتہائی تیز مصالحے دار پیکوئی چپس کھائے جس کے باعث اُس کے پیٹ میں درد ہونے لگا، جسے اسکول سے گھر لایا گیا جہاں اُن کی طبیعت میں بہتری آئی، تاہم کچھ دیر بعد جب وہ باسکٹ بال کے ٹرائی آؤٹ کیلئے جانے لگا تو بے ہوش ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ہیرس کے بے ہوش ہونے کے بعد انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور انتقال کر گیا۔
ہیرس کی والدہ کے مطابق اُن کے بیٹے کی موت تیز مصالحے دار چپس کھانے کے باعث ہوئی، تاحال پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے نہیں آئی، جس سے موت کی اصل وجہ کا پتہ چلے گا۔