خیبرپختونخوا ٹورسٹ سروسز ونگ نے سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سیاحتی مقامات پر واقع ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
ونگ نے تمام ہوٹل مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر دریائی کناروں پر بنائی گئی بیٹھنے کی سہولیات، جیسے چارپائیاں اور کرسیاں، ہٹائیں اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے رکاوٹیں کھڑی کرنے سے گریز کریں۔
ٹورسٹ سروسز ونگ کے مطابق ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
تمام کاروباری مراکز کو اپنی جگہوں کا معائنہ کر کے حفاظتی پروٹوکولز پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔ نئے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (NOC) حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف انتظامی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ونگ نے زور دیا کہ تمام کاروباری افراد سیلاب سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ہدایات پر فوری عمل کریں تاکہ کسی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے۔






















