امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف بہترین انسان اور متاثر کن شخصیت ہیں۔
دی ہیگ میں نیٹو اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کےدرمیان جنگ بندی کو سب سے بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ دونوں ملک ایٹمی طاقتیں ہیں ،ان کے درمیان جوہری تنازع ہوسکتا تھا تاہم، میں نے فون کر کے تجارت کرنے کا کہا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو صاف بتا دیا کہ اگر جنگ جاری رکھی تو تجارت بند کردوں گا۔
گفتگو کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ اس سارے معاملے میں سب سے اہم بھارت اور پاکستان تھے، اور یہ بات اس بارے میں نہیں تھی کہ آیا مستقبل میں ان کے پاس جوہری ہتھیار ہوں گے جیسا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے ساتھ بات کر رہے ہیں ، ان کے پاس تو پہلے ہی جوہری ہتھیار ہیں ‘۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’ میں نے اس کا اختتام تجارت سے متعلق فون کالز سے کیا اور کہا اگر تم آپس میں لڑو گے تو ہم تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے ‘۔
آرمی چیف کی تعریف کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ اور درحقیقت، وہ فیلڈ مارشل واقعی بہت متاثر کن تھے، پاکستانی آرمی چیف پچھلے ہفتے میرے بھی دفتر آئے تھے ۔ ‘
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا تھا جبکہ ملاقات کے بعد کہا تھا آج عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، انہیں بھارت کے خلاف جنگ روکنے پر شکریہ اداکرنے کیلئے مدعو کیا تھا اور ان سے ایران کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی میرے بہت اچھے دوست ہیں، میں نے انہیں سمجھایا اور کہا اگر تم آپس میں لڑو گے تو ہم تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے اور آپ جانتے ہیں کیا ہوا؟، انہوں نے کہا نہیں ، ہم تجارتی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، اس طرح سے ہم نے قتل و غارت روکی ‘۔






















