امریکی میڈیا کے مطابق ابتدائی امریکی انٹیلی جنس اندازے کے مطابق ایران پر امریکی حملوں میں جوہری تنصیبات تباہ نہیں ہوئیں، امریکی حملوں سے ایرانی جوہری پروگرام صرف کچھ مہینوں کے لیے پیچھے ہوگیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس کی ابتدائی معلومات ہیں کہ ایرانی جوہری تنصیبات تباہ نہیں ہوئیں۔ ایرانی جوہری پروگرام کا بنیاد ڈھانچہ اب بھی موجود ہے۔ امکان ہے یہ پروگرام صرف چند مہینوں کے لیے رکا ہے۔
امریکا نے اصفہان پلانٹ پر ٹوماہاک میزائل استعمال کئے۔ اصفہان پلانٹ کی نچلی سطح فردو پلانٹ سے زیادہ مضبوط ہے۔ اصفہان پلانٹ کی نچلی سطح کسی بھی بم سے متاثر نہیں ہوسکتی۔ امریکی حکام کا ماننا ہے ایران کے پاس خفیہ جوہری تنصیبات موجود ہیں۔ حملوں میں خفیہ جوہری تنصیبات ہدف نہیں بنیں وہ اب بھی فعال ہیں۔
یہ رپورٹ امریکی حملوں کے بعد سینٹرل کمان کی طرف سے کیے گئے جنگی نقصان کے تخمینے پر مبنی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایران پر امریکی حملوں کے نتیجے میں مقامات کو پہنچنے والے نقصان اور ایران کے جوہری عزائم پر ان حملوں کے اثرات کا تجزیہ ابھی جاری ہے اور جیسے جیسے مزید انٹیلی جنس دستیاب ہوگی، نتائج میں تبدیلی ممکن ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیردفاع نے ایران سے متعلق امریکی میڈیا کی رپورٹ مستردکرتے ہوئے کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام مکمل تباہ کیا ہے، بمباری کو تباہ کن نہ کہنے والے صدر ٹرمپ کی کامیابی کے خلاف ہیں۔
اس سے قبل عالمی تجزیہ کاروں نے کہا تھا کہ امریکا کے ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملوں کے باوجود بھی ایران کی ایٹم بم بنانے کی صلاحیت ختم نہیں ہوئی ہے۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد امریکی میڈیا پر چلنے والی خبروں کو فیک نیور قرار دیتے ہوئے میڈیا اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں جن مقامات پر ہم نے حملہ کیا، وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور سب کو اس کا علم ہے۔





















