جنگ بندی سے پہلے اسرائیل کے ایران پر آخری حملوں میں مزید 9 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے، ایرانی ایٹمی سائنسدان بھی شہید ہونیوالوں میں شامل ہیں۔
ایران نے جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد گزشتہ رات قطر میں امریکی بیس پر حملہ کیا، جس کے بعد امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوگئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کیا، ایرانی حکام نے بھی تصدیق کردی، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی جنگ بندی کا باضابطہ اعلان کردیا۔
امریکی صدر کے جنگ بندی اعلان سے قبل ایران اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر شدید حملے کیے، اسرائیلی حملوں میں مزید 9 ایرانی شہید اور 33 زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے گیلان صوبے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، جاں بحق اور زخمی افراد میں 16 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی سے پہلے اسرائیلی حملے میں ایک اور ایرانی سائنسدان بھی شہید ہوگئے، محمد رضا صدیقی ایرانی ایٹمی پروگرام سے منسلک تھے۔
دوسری جانب جنگ بندی سے پہلے ایران نے منگل کی صبح 4 بجے تک 6 مرحلوں میں 10 سے 15 میزائل اسرائیلی شہروں پر داغے، جن میں سے ایک میزائل اسرائیلی شہر بیر سبع میں کثیر المنزلہ عمارت پر گرا۔ ترک میڈیا کے مطابق حملے میں 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے اور عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔






















