امریکا کے بعد اسرائیل نے بھی ایران کے فردو جوہری پلانٹ پر حملہ کردیا۔ گزشتہ روز امریکا نے دعویٰ کیا تھا کہ فردو ایٹمی پلانٹ کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا کے بعد اسرائیل نے بھی فردو جوہر پلانٹ پر حملہ کردیا، جس کے بعد جوہری پلانٹ میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایک بار پھر تہران میں سرکاری نشریاتی ادارے کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کردیا، صہیونی طیاروں نے تہران کی شاہد بہشتی یونیورسٹی کو بھی نشانہ بنایا، کراج شہر پر بھی بمباری کی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایران کی اوین جیل پر بھی میزائل حملہ کردیا، حملے میں جیل کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب پریس ٹی وی نے ایران کے سرکاری ٹی وی پر حملے کی خبروں کی تردید کردی، کہا کہ اسرائیلی میزائل حملہ سرکاری ٹی وی کی عمارت کے قریب ہوا، میزائل سرکاری ٹی وی کی عمارت کے قریب گرے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے اسرائیل میں فوجی اہداف پر حملے کئے۔
امریکا نے ہفتہ اور اتوار کی شب ایران کی تین جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان پر بی 2 بمبار طیاروں کے ذریعے حملے کیے تھے۔ امریکا نے دعویٰ کیا تھا کہ فردو ایٹمی پلانٹ کو تباہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکا کے حملے کے بعد ایران نے اسرائیل پر 30 کے قریب بیلسٹک میزائل داغے تھے، جس سے مختلف شہروں میں بڑی تباہی ہوئی اور 100 کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے۔
ایران نے آج بھی یروشلم سمیت اسرائیل کے مختلف شہروں پر میزائل حملہ کیا، جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس کے مغربی علاقے میں کئی دھماکے سنے گئے تھے۔
امریکی حملے کے بعد سربراہ آئی اے ای اے رافیل گروسی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے فردو پلانٹ میں کتنا زیادہ نقصان ہوا، حملے کے بعد ایران کی فردو جوہری سائٹ پر بڑے بڑے گڑھے دیکھے گئے ہیں، سینٹری فیوجز کی حساس نوعیت کے پیشِ نظر نقصان ہونے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملے میں اصفہان نیو کلیئر کمپلیکس کی سرنگ کے داخلی راستوں کو نشانہ بنایا گیا، میں زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتا ہوں، ہمیں مذاکرات کی طرف واپس آنا چاہئے۔





















