ایران نے ایک بار پھر اسرائیلی علاقوں پر میزائل داغ دیئے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یروشلم میں کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، عوام کو بنکرز میں جانے کی ہدایت کردی گئی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے ایک بار پھر اسرائیلی علاقوں پر میزائل داغ دیئے، مقبوضہ بیت المقدس، تل ابیب اور دیگر شہروں پر نشانہ بنایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی میزائل حملے کے بعد یروشلم (مقبوضہ بیت المقدس) میں کئی مقامات پر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، تل ابیب اور دیگر مقامات پر بھی سائرن بج اٹھے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ عوام کو محفوظ جگہ میں منتقل ہونے اور اگلے حکم تک وہیں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے تازہ حملوں میں اسرائیل پر فتح 1، قدر، عماد اور خیبر شکن میزائلوں سے حملہ کیا۔
واضح رہے کہ ایران اس سے قبل اسرائیل کیخلاف حملوں میں فتح، خیبر شکن، شہاب اور سجیل میزائل استعمال کر چکا ہے۔
ایرانی میزائلوں سے اسرائیل میں تل ابیب اور حیفہ سمیت دیگر شہروں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ایرانی حملوں میں سیکڑوں صہیونی ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے جوہری توانائی کے ادارے نے ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایٹمی تنصیبات کو تیزی سے دوبارہ تعمیر کیا جارہا ہے، سرگرمیاں مزید طاقت کیساتھ جاری رہیں گی۔





















