وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے ) کا ریونیو بڑھانے کے لیے متعدد اصلاحات کی گئی ہیں۔
جمعرات کو وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کنونشن سینٹر اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر اہتمام ٹول پلازوں کی اوپن آکشن کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹول پلازے کھلی نیلامی کے ذریعے دیے جا رہے ہیں اور دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں کی موجودگی نیلامی کی شفافیت ظاہر کرتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ این ایچ اے کے تمام امور میں شفافیت لا رہے ہیں اور میڈیا کی موجودگی میں نیلامی سے عوامی اعتماد بڑھے گا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے کا ریونیو بڑھانے کے لیے متعدد اصلاحات کی گئی ہیں اور سالانہ ریونیو میں پچاس ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے۔
عبدالعلیم خان کو چیئرمین این ایچ اے اور سینئیر افسران نے تفصیلی بریفنگ بھی دی اور بتایا گیا کہ ملک بھر کے بہتر ٹول پلازے آج نیلام کیے جارہے ہیں جبکہ اشتہارات کے ذریعے نیلامی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کیا گیا۔
جائزہ کے دوران عبدالعلیم خان نے نیلامی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔






















