ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایرانی حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کو مکمل یا جزوی طور پر محدود کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تہران سمیت مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروسز بند یا شدید متاثر ہیں اور ہیکرز کے حملوں سے بچاؤ اور فیک نیوز کی روک تھام کے لیے انٹرنیٹ پر پابندی یا محدودیت عائد کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا تک عوام کی آزادانہ رسائی کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب صحافی اور صارفین معلومات تک رسائی کے لیے سٹارلنک کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔
نیٹ بلاکس کے مطابق ٹیلی میٹری تجزیے سے ایران میں انٹرنیٹ ٹریفک میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
نیٹ بلاکس نے خبردار کیا ہے کہ یہ پابندیاں ایک نازک وقت میں عوام کی معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہیں، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔





















