عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی ہوگئی۔
آل پاکستان صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 16 ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد نرخ 3398 ڈالر پر آگئے۔
مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت 1000 روپے کی کمی سے تین لاکھ 61 ہزار 300 روپے اور دس گرام سونا 857 روپے سستا ہوکر تین لاکھ 9 ہزار 756 روپے کا ہوگیا۔
اسٹاک مارکیٹ
دوسری جانب ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچنج ( پی ایس ایکس ) میں کاروبار کا منفی اختتام ہوا اور مارکیٹ ایک لاکھ 22 ہزار پوائنٹس کی حد برقرار نہ رکھ سکی۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مارکیٹ میں ہنڈریڈ انڈیکس 254 پوائنٹس گر کر 121971 پوائنٹس پر بند ہوا۔
آج پھر مارکیٹ میں ایک دن میں ایک ارب سے زائد شیئرز کا نمایاں لین دین ہوا۔
بروکرز کے مطابق ایران، اسرائیل تنازعہ حل کرانے کیلئے عالمی کوششیں جاری اور حل نکلنے پر مارکیٹ ریکور ہو جائے گئی جبکہ اسٹاک تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اوور آل بجٹ اچھا ہے اور مارکیٹ " کم بیک " کرسکتی ہے۔
اسٹاک تجزیہ کار کے مطابق آئندہ ماہ سے مارکیٹ میں رزلٹ سیزن شروع ہوگا اور اس کی ریلی بنے گی۔
آج مارکیٹ میں 28 ارب روپے مالیت کے 1 ارب 15 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا۔
ڈالر
ایران اور اسرائیل کی جنگ کے باعث درآمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور اسٹیٹ بینک کی بھی کھلی مارکیٹ سے ڈالر کی مسلسل خریداری جاری ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں ڈالر 24 پیسے مہنگا ہوکر 283 روپے 41 پیسے پر بند ہوا۔
ای کیپ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6 پیسے بڑھکر 285 روپے 40 پیسے کا ہوگیا۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق امپورٹ اور تجارتی خسارہ بڑھنے سے روپے کی قدر پر دباؤ آیا ہے۔





















