سری لنکن بیٹر اینجیلو میتھیوز کا ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے خلاف میچ کے دوران ’ ٹائمڈ آؤٹ ‘ قرار دئیے جانے کے فیصلے پر ردعمل سامنے آگیا۔
پیر کے روز سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے 38 ویں میچ میں دہلی میں مدمقابل تھیں جہاں بنگال ٹائیگرز نے لنکن ٹائیگرز کو تین وکٹوں سے شکست دی، لیکن میچ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس پر کرکٹ کے حلقوں میں نئی بحث شروع ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں۔ ورلڈکپ 2023 :بنگلہ دیش نے سری لنکا کو3وکٹ سے ہرادیا
میچ کے دوران سری لنکن بیٹر میتھوز جب کریز پر آئے تو ان کے ہیملٹ میں مسئلہ تھا جسے تبدیل کرنے کیلئے نیا ہیملٹ منگوایا گیا، لیکن جیسے ہی انہوں نے ڈریسنگ روم کی جانب اشارہ کیا تو بنگلا دیشی ٹیم کی جانب سے انہیں ’ ٹائمڈ آؤٹ‘ قرار دینے کی اپیل کر دی گئی۔
بعدازاں، امپائر کی جانب سے میتھیوز کو ٹائمڈ آؤٹ قرار دے دیا گیا اور وہ بغیر کسی گیند کا سامنا کئے پویلین واپس لوٹ گئے، تاہم اس موقع پر تجربہ کھلاڑی کافی مایوس دکھائی دیئے اور لنکن ڈریسنگ روم میں بھی افسردہ ماحول رہا۔
یہ بھی پڑھیں۔ اینجلو میتھوز نے دنیائے کرکٹ کا حیران کن ریکارڈ اپنے نام کرلیا
پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران اینجیلو میتھیوز نے اس معاملے پر خاموشی توڑی اور ایک سوال کے جواب میں اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’ میں قانون کے مطابق دو منٹ میں گراؤنڈ میں پہنچ گیا تھا لیکن میرا ہیلمٹ کا پٹا ٹوٹا تھا جس میں میری کوئی غلطی نہیں تھی ‘‘۔
لنکن آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ’’ میں نے اپنے کیرئیر کے دوران کبھی بھی کسی ٹیم کو اتنا نیچے گرتا نہیں دیکھا اور میرے خیال میں یہ بنگلا دیشی کپتان اور ان کی ٹیم کی ایک ذلت آمیز آمیز حرکت تھی ‘‘۔
یاد رہے کہ میتھیوز بین الاقوامی کرکٹ میں ٹائمڈ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں کیونکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بلے باز کو ٹائم آوٹ قرار دیا گیا۔