ایئرپورٹس سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے مسقط جانے والے ایک مسافر سے ایک کروڑ روپے مالیت کی 790 گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔
حکام کے مطابق نور اللہ خان نامی مسافر نے یہ منشیات اپنے ٹرالی بیگ کے نچلے حصے میں چھپائی ہوئی تھیں جبکہ اے ایس ایف کے عملے نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تلاشی کے دوران منشیات کو برآمد کیا اور اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا۔
ذرائع کے مطابق عملے نے مسافر کے سامان کو مشکوک سمجھ کر تفصیلی جانچ کی جس سے یہ بڑی مقدار میں ہیروئن سامنے آئی۔
کارروائی کے بعد ملزم نور اللہ خان کو برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔






















