وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایران پر اسرائیلی حملے کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایکس پر جاری بیان میں ایران پر اسرائیل کے حالیہ حملے کو بلاجواز اور وحشیانہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع اور ایرانی املاک کو پہنچنے والا نقصان نہایت افسوسناک ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ایران کی خودمختاری پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، جو خطے کے امن کو سنگین خطرات سے دوچار کر رہی ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے اسرائیل کی اس یکطرفہ کارروائی کو تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ عالمی برادری کو اس معاملے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ ایسی مذموم حرکتوں سے دنیا کی توجہ غزہ اور فلسطین میں جاری مظالم سے نہیں ہٹائی جاسکتی۔ پاکستانی قوم ایرانی عوام کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے۔



















