بھارت کے شہر احمد آباد میں گر کر تبا ہونے والے بوئنگ طیارے میں سوار صرف ایک مسافر زندہ بچ گیا ، جہاز میں 242 افراد سوار تھے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زندہ بچ جانے والا مسافر سیٹ نمبر اے 11 پر سوار تھا جسے ملبہ ہٹانے کے دوران زندہ پایا گیا ، مسافر کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ۔
اس کے علاوہ ایک اور خاتون مسافر بھی ہے جو کہ تاخیر سے ایئر پورٹ پہنچنے کے باعث فلائٹ مس کر گئی تھی ، خاتون کا کہناہے کہ میرا جسم ابھی تک لرز رہاہے ، میں صرف دس منٹ لیٹ ہو گئی تھی ۔
یاد رہے کہ بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ جانے والا مسافر طیارہ گر کرتباہ ہوگیا جس میں 242 میں سے 241 مسافر ہلاک ہوگئے تاہم 204 افراد کی لاشیں مل گئیں، طیارہ آبادی پر گرنے سے اموات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق طیارے میں 242 افراد سوار تھے۔ طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد رہائشی علاقے میں گرگیا۔پولیس چیف احمد آباد کا کہنا ہے کہ اب تک 204 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں، ہلاک ہونے والوں میں مسافر اور زمین پر موجود افراد شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثے میں 25 افراد زخمی بھی ہوئے، جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔طیارے میں متعدد وی آئی پیز بھی سوار تھے۔ ریسکیو حکام حادثے کے مقام پر پہنچ گئے ہیں اور نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق طیارے میں سوار 242 افراد میں سے 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین، اور 7 پرتگال کے شہری تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 11 بچے بھی سوار تھے۔
انڈین ڈی جی سول ایوی ایشن کے مطابق ایئر انڈیا کا بوئنگ 787 طیارہ ٹیک آف کرنے کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گیا اور آبادی میں ایک میڈیکل طلبہ کے ہاسٹل پر جا گرا، ہاسٹل کی سب سے اوپر والی منزل میں میس موجود تھا جہاں 5 ایم بی بی ایس طلبہ کی موت کی بھی اطلاعات ہیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی بھی سوار تھے، حادثے کے بعد احمد آباد ایئرپورٹ کی پروازیں معطل کردی گئیں۔






















