پاکستان نے اکتوبر میں 2 روزہ علاقائی ٹرانسپورٹ وزارتی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کانفرنس کیلئے انتطامی کمیٹی کے قیام اور بہترین انتظامات کی ہدایت کردی۔ نائب وزیراعظم پاکستان ریجنل کانفرنس کی قیادت کریں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ وزارتی کانفرنس میں چین اور روس کو شامل کریں گے، ترکیہ، آذربائیجان، نیپال، سری لنکا، مالدیپ، افغانستان اور ایران بھی شریک ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر اداروں کو بھی مدعو کیا جائے گا، خطے کو بڑی تجارتی راہداری کی ضرورت ہے، ریل، روڈ اور فضائی رابطوں کا فروغ ناگزیر ہے، وسط ایشیائی ممالک کی گرم پانیوں تک رسائی اہمیت کی حامل ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ تاجکستان، ازبکستان جیسے ممالک کو گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں تک لانا ہے۔
وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ ریجنل کانفرنس میں مقاصد واضح رکھیں، سیکیورٹی اور سیفٹی ترجیح ہوگی، بزنس ٹو بزنس اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ رابطے بڑھائیں گے، خطے میں انویسٹمنٹ اور پارٹنر شپ کے امور میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے، میری ٹائمز، ایف بی آر اور متعلقہ محکموں کو آن بورڈ لیا جائے، روڈ سیفٹی کو ریجنل کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے، کانفرنس کو زیادہ سے زیادہ سودمند بنانا چاہتے ہیں، تجارت، سیاحت اور شپنگ کی وزارتیں نمائش کا بھی اہتمام کریں۔






















