وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے طلباء کے لیے 1,600 سکالرشپس مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ یہ وظائف پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) کا حصہ ہوں گے، جس کا مقصد پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کشمیری طلباء کی معاونت کرنا ہے۔
یہ اسکیم سب سے پہلے مئی 2019 میں سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDWP) کے تحت متعارف کروائی گئی تھی ۔ 2025-26 کے بجٹ دستاویز کے مطابق، اسکالرشپ اسکیم کے لیے رواں مالی سال میں 16 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2018-19 کے بجٹ میں اس پروگرام کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 2.05 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ ان وظائف کے تحت وفاقی تعلیمی اداروں، خصوصاً فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (FDE) سے منسلک اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند طلباء کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں کو تعلیمی مواقع فراہم کرکے ان کے سماجی و اقتصادی حالات کو بہتر بنانا اور پاکستان کی تعلیم پر مبنی نرم سفارتکاری کو فروغ دینا ہے۔
یہ اسکالرشپ اسکیم نہ صرف نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی امید ہے بلکہ مسئلہ کشمیر کے تناظر میں پاکستان کے اصولی مؤقف کی عملی عکاسی بھی ہے۔ اس اسکیم کو 10 جون 2025 کو پیش کیے جانے والے وفاقی بجٹ میں باضابطہ شامل کیا جائے گا۔






















